سافٹ ویئر میں موجود نقائص شہریوں کے لئے درد سر بن گیا
ای چالان کا موجودہ سسٹم صرف کالے یا گہرے رنگ کی سیٹ بیلٹ شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے
سیٹ بیلٹ لگانے کے باوجود شہریوں کو تواتر سے چالان موصول ہونے لگے،
ای چالان سسٹم کی موجودہ تکنیکی خرابی پر ڈی آئی جی ٹریفک کامؤقف دینے سے گریز
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ کا نافذ کردہ جدید ترین ای چالان سسٹم ناکام ہوگیا، سسٹم صرف بلیک یا گہرے رنگ کے سیٹ بیلٹ کو شناخت کرتا ہے۔ جبکہ زیادہ تر معروف کار بنانے والے برانڈز کی گاڑیوں میں لائٹ گرے رنگ کی سیٹ بیلٹ موجود ہوتی ہے اور اگر آپ نے سفید یا ہلکے رنگ کی کوئی قمیض یا شرٹ پہن رکھی ہے تو اس پر یہ سیٹ بیلٹ لگانے کے باوجود ای چالان سسٹم سیٹ بیلٹ کو شناخت کرنے سے قاصر ہے جس پر شہریوں کو سیٹ بیلٹ نہ لگانے کی پاداش میں 10,000 کا چالان بھیج دیا جاتا ہے۔
ای چالان سسٹم کی موجودہ تکنیکی خرابی پر ڈی آئی جی ٹریفک کامؤقف دینے سے گریز۔ پاکستان واچ کو ہزاروں شکایات موصول۔ تفصیلات کے مطابق ایک سابق بیوروکریٹ کو ٹیوٹا یارس نمبر CBF-215 میں سیٹ بیلٹ نہ لگانے کی پاداش میں ای چالان بھیجا گیا حالانکہ انہوں نے سیٹ بیلٹ لگایا ہوا تھا۔مگر ایش گرے سیٹ بیلٹ ہونے پر ای چالان سسٹم اس کو شناخت نہ کرسکا اور تحقیقات کرنے پر یہ بات واضح ہوئی کہ حکومت سندھ کا سسٹم صرف بلیک اور گرے سیٹ بیلٹ شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ متاثرہ شہری سابق بیوروکریٹ نے جب ڈی آئی جی ٹریفک سے شکایت کی تو انہوں نے کہا کہ آپ چالان معافی کی درخواست کردیں جس پر سابق بیوروکریٹ نے نہ ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں قانون پسند شہری ہوں اور جب میں نے غلطی نہیں کی تو معافی کی درخواست کیوں کروں؟ تاہم اس بات کا ڈی آئی ٹریفک کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ ای چالان کے حوالے سے پاکستان واچ کو ہزاروں شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں شہریوں کو چالان کے نام پر لوٹا گیا جس سے متاثرین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ شاہراہ فیصل، ڈیفنس، کلفٹن اور اطراف کے علاقوں میں ای چالان کیے جارہے ہیں۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں کے رہائشی سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں اور ای چالان کا عذاب بھی بھگت رہے ہیں۔ جبکہ کراچی اندرونی علاقوں میں سب سے زیادہ ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں مگر ان پر کوئی کنٹرول نہیں۔ حالانکہ وہاں چوری اور چھینی گئی گاڑیاں دوڑتی نظر آتی ہیں۔ شہریوں نے سندھ حکومت کے حکام سے ای چالان کے حوالے سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
حکومت سندھ کا نافذ کردہ ای چالان سسٹم فیل ہوگیا
