شوبز واچ،،،،،،،،،،،

شوبز واچ،،،،،،،،،،،
سینئرز کی جانب سے چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنقید، علیزے شاہ، عینا کی حمایت میں سامنے آگئیں
کراچی (ویب ڈیسک )پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے ساتھی اداکارہ عینا آصف کے بیان کی حمایت کی ہے۔حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں عینا آصف نے سینئر اداکار کے رویوں سے متعلق گفتگو کی تھی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بڑے اسٹارز یا سینئر اداکار سیٹ پر نئے یا چھوٹے اداکاروں کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ٹوکتے اور ان میں خامیاں نکالتے ہیں۔عینا آصف کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ اگر ہم کچھ بول دیں تو وہ ہمیں ایسے دیکھیں گے جیسے ہم نے پتا نہیں کتنی احمقانہ بات کردی لیکن ہمیں پتا ہوتا ہے کہ یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں تھی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ایسا اس لیے کرتے ہیں تاکہ ہم غیر آرام دہ محسوس کریں، سیٹ پر ایسی چیزیں بھی ہوتی ہیں کہ میں کوئی سین کر رہی ہوں اور میرے لیے اہم سین ہے تو وہ لوگ باتیں شروع کردیں گے یا کچھ ایسا کریں گے کہ دھیان بٹے۔عینا آصف کا یہ بیان سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا جس پر اداکارہ علیزے شاہ نے بھی کھل کر حمایت کی ہے۔علیزے شاہ نے عینا آصف کے انٹرویو کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اس دور کی بہترین اور ذہین اداکارہ ہے۔سینئرز کی جانب سے چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنقید، علیزے شاہ، عینا کی حمایت میں سامنے آگئیں علیزے شاہ نے مزید لکھا کہ عینا آصف درست ہیں، اور بدقسمتی سے یہ صرف کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ ہوتا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے ساتھ جن کا شوبز کا کوئی بیک گراؤنڈ نہیں ہوتا۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ مجھے عینا آصف پر سب کے سامنے یہ بات شیئر کرنے پر فخر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اداکارہ ریشم منفی چیزیں پیش کرنے میں بہترین ہیں،دیدار
کراچی (ویب ڈیسک )اداکارہ دیدار نے نامور اداکارہ ریشم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریشم لوگوں کی زندگیاں خراب کرتی ہیں۔حال ہی میں اداکارہ دیدار نے ایک نجی ٹی وی سے نشر ہونے والے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف سوالات کے جواب دیے۔اداکارہ سے میزبان کی جانب سے ساتھی اداکارہ نرگس اور ریشم سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں دیدار نے کہا کہ اداکارہ نرگس ایک بہترین اداکارہ ہیں لیکن منفی انداز میں۔انہوں نے نامور اور سینئر اداکارہ ریشم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ریشم بہت اچھی اداکار ہیں، وہ منفی چیزوں کو پیش کرنے میں بہترین ہیں، ریشم نے بہت سی زندگیوں کو خراب کیا ہے، وہ حقیقی زندگی میں بہت منفی ہیں۔ریشم کے فلاحی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیدار کا کہنا تھا کہ ان کے کھانا پکانے اور خیراتی کام کے بارے میں جانتی ہوں، مجھے ڈر ہے کہ ایک دن وہ اس کھانے میں نہ گر جائیں جو وہ دوسروں کے لیے بناتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا ریشم کے ساتھ ذاتی تجربہ ہے، وہ سالوں تک میری دوست رہ چکی ہیں اسی لیے میں بتارہی ہوں اور ان کے موجودہ دوستوں کو خبردار کر رہی ہوں کہ وہ اس سے ہوشیار رہیں اور بچ کررہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ سے تنازع پر خاموشی توڑ دی، اصل کہانی سامنے آگئی
کراچی (ویب ڈیسک )پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حالیہ دنوں ساتھی اداکار جاوید شیخ کے ساتھ ہونے والے تنازع پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے اصل صورتحال واضح کردی ہے۔بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں بتایا کہ رمضان کے دوران شوبز شخصیات کے درمیان کئی تنازعات سامنے آئے، اور اسی دوران وہ بھی ایک ایسے معاملے میں الجھ گئیں جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔ ان کے مطابق یہ تنازع ایک ایسے دوست کے ساتھ ہوا جن کے ساتھ ان کی برسوں پرانی دوستی اور بہترین تعلق رہا ہے۔اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ایک معمولی سی بات تھی جو شاید جاوید شیخ کو ناگوار گزری، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ان کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر دونوں اکٹھے تھے اور خوشگوار وقت گزارا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ معاملہ اتنا سنگین نہیں تھا جتنا سوشل میڈیا پر دکھایا گیا۔بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ دوستوں کے درمیان اختلافات ہونا کوئی نئی بات نہیں، لیکن آج کل سوشل میڈیا معمولی معاملات کو بھی بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے اور چھوٹی بات کو بڑا تنازع بنا دیتا ہے۔ ان کے بقول یہی وجہ ہے کہ عوام کو ہر چھوٹی بڑی بات کا علم ہو جاتا ہے، جو پہلے نجی دائرے تک محدود رہتی تھی۔اداکارہ نے مداحوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ ہر سنی سنائی بات پر یقین کرنے کے بجائے حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ ہر تنازع اتنا بڑا نہیں ہوتا جتنا دکھائی دیتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جویریہ سعود نے اداکارہ یمنیٰ زیدی سے باقاعدہ معذرت کر لی
کراچی(ویب ڈیسک): پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے اداکارہ یمنیٰ زیدی سے باقاعدہ معذرت کر لی ہے۔ ایک خصوصی شو کے دوران ایک تنازع سامنے آیا جس کے بعد بعد معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے اداکارہ یمنیٰ زیدی سے باقاعدہ معذرت کر لی ہے۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب جویریہ کے شو کے ایک حصے میں مشہور شخصیات کے بچپن کی تصاویر پہچاننے کا مقابلہ دکھایا گیا۔ اس دوران یمنیٰ زیدی کے نام پر ایک غلط تصویر دکھائی گئی اور جویریہ سعود نے ان کی عمر کے حوالے سے مذاق اڑایا، جسے مداحوں نے ‘ایج شیمنگ’ قرار دیا۔یمنیٰ زیدی نے اس تمام صورتحال پر انتہائی شائستگی سے ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پر وضاحت کی کہ دکھائی گئی تصویر ان کی نہیں ہے اور یہ غلط معلومات پھیلانے کے مترادف ہے۔اداکارہ یمنیٰ کے اس سنجیدہ موقف کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا گیا اور صارفین نے جویریہ سعود کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔عوامی دباؤ اور تنقید کے بعد اب جویریہ سعود نے یمنیٰ زیدی سے معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ان کی ٹیم کی غلطی تھی اور وہ ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں ان کی باتوں سے دکھ پہنچا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ وہ تصویر سوشل میڈیا سے بغیر تصدیق کے لی گئی تھی اور ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا یا کسی کی عمر کا مذاق اڑانا نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے تبصرے کو غلط سمجھا گیا اور وہ یمنیٰ زیدی کے لیے دل سے احترام رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں