9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلے کا کامیاب اختتام

کھاریاں(نمائندہ خصوصی )9واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مقابلہ 9 فروری 2026 کو کھاریاں میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تھے۔پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک طویل پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد شریک ٹیموں کے درمیان جدید خیالات، حربی تجربات اور بہترین پیشہ ورانہ طریقوں کے تبادلے کے ذریعے عسکری مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق 5 فروری 2026 سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جس نے ایک حقیقت سے قریب اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔گزشتہ برسوں کے دوران PATS ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی عسکری مشق کے طور پر ابھری ہے، جو پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی سیکھنے کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے۔ یہ فورم عسکری تعاون، باہمی ہم آہنگی، رفاقت اور ٹیم اسپرٹ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکتِ سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مبصرین کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیموں جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے تمام شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کثیر القومی مشقیں اجتماعی تیاری کو بہتر بنانے اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے پاکستان آرمی کی بنیادی اقدار کا اعادہ کرتے ہوئے “کردار، جرات اور صلاحیت” کو سپاہیانہ اوصاف قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی فوجیوں نے بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مشق کے دوران اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ مہارت، تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا۔
بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، جن میں نئے قائم شدہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے افسران، جوانوں اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور روایتی تربیت کے ساتھ ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں