جامعہ ہمدرد کی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت فوڈ پروڈکٹس ڈسپلے ایکٹیویٹی” کا انعقاد

کراچی(پاکستان واچ نیوز)جامعہ ہمدرد کی فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت شعبہ اپلائیڈ سائنسز کے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروگرام کی جانب سے ایک شاندار اور معلوماتی “فوڈ پروڈکٹس ڈسپلے ایکٹیویٹی” کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے جدید، غذائیت سے بھرپور اور تحقیقی بنیادوں پر تیار کردہ فنکشنل فوڈ مصنوعات پیش کرکے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ تقریب میں 50 سے زائد طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی مہارت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے زرعی ضمنی مصنوعات اور مقامی خام مال سے تیار کردہ منفرد غذائی اشیاء نمائش کے لیے پیش کیں۔
تقریب کا مقصد نوجوان فوڈ سائنٹسٹس کو عملی میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا، غذائی تحقیق کو فروغ دینا، اور زرعی فضلے کو کارآمد و صحت بخش غذائی مصنوعات میں تبدیل کرنے کے جدید تصورات متعارف کروانا تھا۔
نمائش میں فنکشنل ڈرنکس، بیکری مصنوعات، کنفیکشنری آئٹمز، جام، اسکواش، صحت بخش اسنیکس، گلوٹن فری مصنوعات، پھلوں پر مبنی غذائی اشیاء اور دیگر غذائیت سے بھرپور مصنوعات شامل تھیں۔ ان مصنوعات کا بنیادی مقصد صحت مند خوراک کے فروغ، غذائی قلت میں کمی اور پائیدار فوڈ سسٹم کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا تھا۔
تقریب میں مختلف جامعات، تحقیقی اداروں اور فوڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم، معزز اساتذہ اور دیگر مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔ مہمانوں نے طلبہ کے اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور ان کی تخلیقی سوچ، تحقیقی مہارت، مصنوعات کی تیاری کے معیار اور پیشہ ورانہ انداز کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر ماہرین نے مصنوعات کی پیکیجنگ، ذائقے، معیار، مارکیٹنگ حکمتِ عملی اور تجارتی امکانات کے حوالے سے قیمتی تجاویز بھی پیش کیں۔
نمائش میں پیش کیے گئے متعدد منصوبوں نے مستقبل میں فوڈ اسٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کے روشن امکانات کو اجاگر کیا۔ طلبہ کی جانب سے تیار کردہ کئی مصنوعات ایسی تھیں جنہوں نے زرعی فضلے اور ضمنی اجزاء کو نہایت مؤثر انداز میں قابلِ قدر، غذائیت سے بھرپور اور ماحول دوست مصنوعات میں تبدیل کیا، جو مستقبل میں پاکستان کے فوڈ سیکٹر کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہیں۔
اساتذہ نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں، فوڈ انڈسٹری، تحقیقی مراکز اور فنڈنگ آرگنائزیشنز کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ طلبہ کی تحقیق، اختراعی خیالات اور سائنسی منصوبوں کو عملی اور تجارتی سطح پر متعارف کروایا جاسکے۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ اور منتظمین نے شعبہ اپلائیڈ سائنسز کے چیئرمین اور فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی مسلسل رہنمائی، تعاون اور حوصلہ افزائی کے باعث یہ کامیاب علمی و تحقیقی سرگرمی ممکن ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں