کوئٹہ (پاکستان واچ نیوز)ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ مناز میں مبینہ طور پر فتنۂ ہندوستان سے منسلک مسلح دہشتگردوں نے ایک رہائشی گھر پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مکان کو آگ لگا دی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے رات کی تاریکی میں گھر کو نشانہ بنایا، فائرنگ کی اور بعد ازاں مکان کو نذرِ آتش کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ دہشت پھیلانے اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ ذمہ دار عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔سیاسی و سماجی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
بولیدہ مناز میں فتنۂ ہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ، 6 افراد جاں بحق، گھر نذرِ آتش

