بھارتی عدالت نے سلمان خان اور ان کی بہن کو طلب کرلیا، وجہ سامنے آگئی

ممبی (ویب ڈیسک )چندی گڑھ کی مقامی عدالت نے اداکار سلمان خان، ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری اور اسٹائل اینڈ کنٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز کو مبینہ دھوکا دہی کے مقدمے میں طلب کر لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے تمام افراد کو 5 اکتوبر کو پیش ہو کر الزامات پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ چندی گڑھ کے تاجر ارون گپتا کی درخواست پر درج کیا گیا ہے جن کا مؤقف ہے کہ انہیں ’بینگ ہیومن‘ جیولری شوروم کھولنے کے لیے جھوٹے وعدوں پر آمادہ کیا گیا جس سے انہیں کئی کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔درخواست کے مطابق ارون گپتا نے شوروم قائم کرنے پر تقریباً 3 کروڑ روپے سرمایہ کاری کی جن میں سے ایک کروڑ روپے صرف شوروم کی تعمیر و تیاری پر خرچ ہوئے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ شوروم کھلنے کے بعد کمپنی نے وعدے کے مطابق کاروباری معاونت فراہم نہیں کی جب کہ فروری 2020 سے جیولری سپلائی کرنے والا اسٹور بند ہونے کے باعث کاروبار شدید متاثر ہوا۔درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی سے وابستہ 6 افراد نے غلط معلومات دے کر سرمایہ کاری کروائی۔دوسری جانب کمپنی پہلے ہی ان الزامات کی تردید کر چکی ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ 2018 کے معاہدے میں سلمان خان کا براہِ راست کوئی کردار نہیں تھا جب کہ سلمان خان فاؤنڈیشن نے 2015 میں صرف ’بینگ ہیومن‘ برانڈ کا لائسنس دیا تھا، جیولری کے کاروبار کی تمام ذمہ داری کمپنی پر تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق کیس کی سماعت 5 اکتوبر کو ہوگی۔
Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگانیزخبر کے مندرجات سےادارے کا
متفق ہونا ضروری نہیں ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں