ٹریفک حادثے میں 2 بہنوں کی ہلاکت ، انتظامیہ نے راتوں رات گڑھا بند کرکے سڑک تعمیر کردی

کراچی:(ویب ڈیسک ) ناظم آباد نمبر 1 میں گزشتہ رات ٹریفک حادثے میں 2 بہنوں کی ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے راتوں رات گڑھا بند کرکے سڑک بھی تعمیر کردی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے کے گھروں میں گیس نہیں آرہی تھی اور کھانا نہ پکنے کی وجہ سے بہن بھائی کھانا کھانے باہر گئے تھے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ناظم آباد سے سائٹ جانے والے روڈ پر سیوریج کی وجہ سے سڑک پر گڑھا پڑگیا تھا ، واپس آتے ہوئے رات کو اندھیرے کی وجہ سے بچوں کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گڑھے میں جاگری۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل اور اس پر سوار نوجوان اُلٹے ہاتھ پر جبکہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں بہنیں سیدھے ہاتھ پر گریں اور ہیوی وہیکل کے پچھلے پہیوں کے نیچے آکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ لوگوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد انتظامیہ کے لوگ آئے جنہوں نے پہلے گڑھا بند کیا اس کے بعد راتوں رات سڑک بھی بنا دی تاہم سیوریج کا پانی ہونے کی وجہ سے نئی بنی سڑک پھر خراب ہورہی تھی۔ علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ پورے علاقے میں شاہراہوں، سروس روڈز اور گلیوں میں گڑھے پڑ چکے ہیں اور انتظامیہ غائب ہے جب کہ آئے دن اس طرح کے حادثات سامنے آرہے ہیں۔
Disclaimer:
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں