اسلام آباد(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اہلیہ کی بیماری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وکیل کو عدالتوں سے ریلیف لینے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پیر کے روز اڈیالہ جیل میں اپنے وکیل سے ملاقات کے وقت خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سمیت حالیہ سیاسی پیش رفت سے آگاہ تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ایک طویل وقفے کے بعد ہونے والی یہ ملاقات مبینہ طور پرپیشہ ورانہ اور قانونی امور تک محدود رکھی گئی جو کہ اس باہمی اتفاق کے عین مطابق تھی کہ اس ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوگی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان جیل سے باہر کی پیش رفت، بشمول حالیہ آئینی و سیاسی تبدیلیوں سے پہلے ہی باخبر تھے، اگرچہ ملاقات کے دوران وکیل نے انہیں ان امور پر کوئی بریفنگ نہیں دی۔اس ملاقات میں عمران خان کی صحت کے بارے میں گفتگو کا موقع بھی ملا جسے ذرائع نے تسلی بخش قرار دیا تاہم، بشریٰ بی بی کو آنکھوں سے متعلق مسئلہ درپیش ہے جو پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے ہدایت کی کہ بالخصوص بشریٰ بی بی کے کیس میں ریلیف کے حصول کے لیے عدالتوں کے ذریعے قانونی راستے اختیار کیے جائیں۔انہوں نے مبینہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ قانون کے مطابق ریلیف حاصل کرنے کے لیے اس معاملے کو مناسب عدالتی فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے۔ یہ ملاقات خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی شدید سیاسی کشیدگی کے دوران ہوئی ہے جہاں پی ٹی آئی اقتدار میں تھی۔ان پیش رفتوں نے صوبے میں جماعت کے سیاسی مستقبل اور وفاقی حکومت کے اقدام کے بعد اس کی حکمت عملی کے حوالے سے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگانیزخبر کے مندرجات سےادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے







