اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل، دونوں ممالک آج سی پیک کے تحت چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور لانچ کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ بھی پاکستان پہنچ گئی ہیں، انکے ہمراہ چین کا ایک اعلیٰ سطح وفد بھی پاکستان پہنچا ہے، ایئرپورٹ پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ، چینی سفارت خانے کے عملہ اور پاکستانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماو ننگ کے ہمراہ آنے والا وفد چینی وزارت اطلاعات اور وزارت خارجہ کے حکام پر مشتمل ہے، ماو ننگ آج شام وفاقی دارالحکومت میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا افتتاح کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماؤ ننگ آج شام پاکستان چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، یہ تقریب پاک چین دوستی کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات اور سی پیک کا حصہ ہے۔ماو ننگ آج وفد کے ہمراہ پاکستانی وزارت خارجہ کا دورہ بھی کریں گی، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی ملاقات متوقع ہے، ماو ننگ وزارت خارجہ میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان سے ملاقات کریں گی۔سفارتی ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان باہمی مشاورت بھی کریں گے، سی پیک کے تحت لانچ ہونے والے چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا مقصد میڈیا، اسٹریٹیجک کمیونیکیشن میں پاک چین تعاون کا فروغ ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انفارمیشن کوریڈور کا مقصد معلومات کے تبادلے، پبلک ڈپلومیسی اور کلچرل کولابوریشن میں پاک چین تعاون کو مستحکم کرنا ہے، چین کے ایک اور وفد کے جلد دورہ پاکستان کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
Disclaimer
خبریں مستند ذرائع سے لی جاتی ہیں، غلطی کی صورت میں ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگانیزخبر کے مندرجات سےادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔اے آئی یا انٹرٹینمنٹ مواد صرف تفریح کے لیے ہے






