پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتا ہے تو اس کے اثرات چند ہی دنوں میں عام آدمی کے گھر کے بجٹ سے لے کر بازار کی ہر چیز تک دکھائی دینے لگتے ہیں۔ آٹا، دال، سبزی، گوشت، مرغی اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کے نرخ بڑھا دیے جاتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھانے میں دیر نہیں لگائی جاتی۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ جب پیٹرول کی قیمت کم ہوتی ہے تو نہ اشیائے ضروریہ کے دام گھٹتے ہیں اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی جاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ مہنگائی کا ہر بوجھ عوام ہی کیوں برداشت کریں؟l
یہ صورت حال متوسط اور تنخواہ دار طبقے کے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں، جس کی آمدنی کا بڑا حصہ پہلے ہی گھر کے کرائے، بجلی و گیس کے بلوں، بچوں کی تعلیم اور کھانے پینے کی ضروریات پوری کرنے میں خرچ ہوجاتا ہے۔ ایسے میں روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ افسوس کہ عوام کو اس مشکل سے نکالنے اور بازاروں میں من مانی قیمتوں کا سلسلہ روکنے کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کہیں دکھائی نہیں دیتی۔
ہمارے ہاں مہنگائی کا ایک عجیب نظام بن چکا ہے۔ پیٹرول مہنگا ہو تو دکاندار اور تاجر فوری طور پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھانے کا جواز تلاش کرلیتے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز بھی کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیتے ہیں۔ لیکن جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو یہی طبقے خاموشی اختیار کرلیتے ہیں۔ آٹا، دال، سبزی، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بدستور بلند رہتی ہیں، جبکہ مسافروں سے پرانے یا اس سے بھی زیادہ کرائے وصول کیے جاتے ہیں۔ گویا قیمتیں بڑھانے کے لیے پیٹرول کا مہنگا ہونا کافی ہے، لیکن قیمتیں کم کرنے کے لیے پیٹرول کا سستا ہونا بھی کوئی معنی نہیں رکھتا۔
یہاں سوال حکومت اور متعلقہ اداروں سے ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں؟ کیا حکومت نے کبھی اس بات کو یقینی بنانے کی سنجیدہ کوشش کی ہے کہ پیٹرول سستا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم ہوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مناسب کمی آئے؟ اگر ایسا نہیں ہوتا تو پھر قیمتوں میں کمی کے سرکاری اعلانات کا عام آدمی کو کیا فائدہ پہنچتا ہے؟
دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر بھی صرف بجلی کے بل تک محدود نہیں رہتا۔ چھوٹی بڑی صنعتوں، کارخانوں، دکانوں، بیکریوں، ہوٹلوں اور دیگر کاروباری مراکز کے اخراجات بڑھتے ہیں تو اس کا بوجھ بھی بالآخر صارفین پر منتقل کردیا جاتا ہے۔ پیداواری لاگت اور کاروباری اخراجات میں اضافے کو بنیاد بنا کر اشیا کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔ یوں بجلی کا بل ایک گھرانے کے بجٹ کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ بازار میں دستیاب تقریباً ہر چیز کی قیمت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ لیکن جب بجلی کے نرخوں میں کمی یا کسی قسم کے ریلیف کا اعلان ہوتا ہے تو اس کا فائدہ صارفین تک پہنچانے کا کوئی مؤثر نظام دکھائی نہیں دیتا۔
اس صورت حال میں سب سے زیادہ متاثر وہ طبقہ ہوتا ہے جس کی آمدنی مقرر ہے۔ سرکاری اور نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں سال میں ایک مرتبہ اضافہ بھی ہو جائے تو مہنگائی کی رفتار اس اضافے کو چند ماہ میں بے اثر کردیتی ہے۔ دیہاڑی دار مزدور کی مشکلات اس سے بھی زیادہ ہیں، کیونکہ اسے روزانہ کام ملنے اور مناسب اجرت کی ادائیگی کی کوئی ضمانت حاصل نہیں۔ ایک طرف گھر کا کرایہ، بچوں کی فیس، علاج معالجے کے اخراجات اور یوٹیلیٹی بل ہیں تو دوسری طرف کھانے پینے کی بنیادی اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتیں۔ ایسے حالات میں عام شہری اپنی ضروریات محدود کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ بعض گھرانوں میں گوشت اور پھل جیسی غذائیں ہفتہ وار دسترخوان سے نکل کر کبھی کبھار کی ضرورت بن جاتی ہیں۔
بازاروں میں سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی بھی ایک معمول بنتی جارہی ہے۔ دکاندار اپنی مرضی سے اشیا کی قیمتیں مقرر کرتے ہیں۔ کہیں آٹا مہنگا فروخت ہورہا ہے تو کہیں دالوں، سبزیوں، گوشت اور مرغی کے گوشت کے نرخ سرکاری فہرست سے کہیں زیادہ وصول کیے جارہے ہیں۔ عام شہری جب سرکاری نرخ نامے کے مطابق قیمت ادا کرنے کی بات کرتا ہے تو اسے مختلف جواز پیش کرکے ٹال دیا جاتا ہے۔ بعض مقامات پر صارفین کے ساتھ تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آتی ہے۔
اس صورت حال کو روکنے کی ذمہ داری پرائس کنٹرول کمیٹیوں، محکمہ خوراک، بلدیاتی اداروں، کے ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں پر عائد ہوتی ہے۔ ان اداروں کا کام صرف نرخ نامے جاری کرنا یا دفاتر میں اجلاس منعقد کرنا نہیں بلکہ بازاروں میں جاکر ان پر عمل درآمد یقینی بنانا بھی ہے۔ دکانوں پر اشیا کی قیمتوں اور معیار کی جانچ، سرکاری نرخ ناموں کی پابندی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ لیکن عملی صورت حال یہ ہے کہ شہریوں کو بازاروں میں من مانی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور شکایات کے باوجود انہیں فوری ریلیف نہیں ملتا۔
محکمہ خوراک کی ذمہ داری ہے کہ آٹے سمیت بنیادی غذائی اجناس کی فراہمی اور قیمتوں پر نظر رکھے۔ اسی طرح بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے اپنے علاقوں میں بازاروں کی نگرانی کرنی چاہیے۔ کے ایم سی سمیت متعلقہ اداروں کو بھی اپنے دائرہ اختیار میں مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ ذمہ داریاں ایک دوسرے پر ڈالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ کس محکمے نے کس علاقے میں قیمتوں کی نگرانی کرنی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں کس افسر کو جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔
اس حوالے سے سرکاری اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت اور رشوت ستانی کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔ اگر نگرانی کرنے والے اہلکار ہی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا نہ کریں یا دکانداروں کے خلاف کارروائی کے بجائے چشم پوشی اختیار کریں تو ناجائز منافع خوری کو کون روکے گا؟ اگر کسی دکاندار کو معلوم ہو کہ چند روپے دے کر یا کسی اہلکار سے تعلقات کی بنیاد پر وہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کے باوجود کارروائی سے بچ سکتا ہے تو قانون کی عمل داری کیسے ممکن ہوگی؟ حکومت کو ان شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور ایسے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے جو اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب ہوں۔
یہاں ایک اور اہم مسئلہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا ہے۔ پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر بسوں، کوچز، رکشوں، ٹیکسیوں اور دیگر ذرائع آمدورفت کے کرایوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔ بعض اوقات کرایوں میں اضافہ سرکاری اعلان سے پہلے ہی شروع ہوجاتا ہے۔ مسافر احتجاج کرے تو اسے پیٹرول مہنگا ہونے کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ لیکن جب حکومت پیٹرول کی قیمت کم کرتی ہے تو ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کرنے کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز مختلف عذر پیش کرنے لگتے ہیں۔ نتیجتاً شہری مہنگے کرایوں پر سفر کرنے پر مجبور رہتے ہیں۔
حکومت کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں صرف دکانوں پر ہی نہیں بلکہ سپلائی کے مختلف مراحل میں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ منڈی سے دکان تک پہنچنے کے دوران ذخیرہ اندوزی، غیرضروری منافع اور ترسیل کے اخراجات کے نام پر قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں۔ اگر حکومت صرف دکان دار کے خلاف کارروائی کرے اور سپلائی چین کے دیگر مراحل کو نظرانداز کردے تو مہنگائی پر مستقل قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔ اس لیے ضروری ہے کہ منڈیوں، ہول سیل مراکز اور پرچون کی دکانوں تک قیمتوں کے نظام کی نگرانی کی جائے۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محض اعلانات اور اجلاسوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہر ضلع اور ہر علاقے میں پرائس کنٹرول ٹیمیں فعال بنائی جائیں۔ بازاروں میں باقاعدگی سے معائنے کیے جائیں اور سرکاری نرخ ناموں سے زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے تاکہ ناجائز منافع خوری کا راستہ روکا جاسکے۔ ان کارروائیوں کو صرف نمائشی دوروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عوام کو بتایا جائے کہ کتنی شکایات موصول ہوئیں، کتنے مقامات پر کارروائی کی گئی اور کتنے دکانداروں کو قانون کے مطابق سزا دی گئی۔
عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک مؤثر شکایتی نظام بھی ضروری ہے۔ شہریوں کو ایسا آسان ذریعہ فراہم کیا جائے جہاں وہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے، کم وزن دینے یا ٹرانسپورٹ میں مقررہ کرائے سے زیادہ رقم لینے کی شکایت درج کراسکیں۔ شکایت درج ہونے کے بعد متعلقہ ٹیم فوری طور پر کارروائی کرے۔ اس نظام کی افادیت اسی وقت ہوگی جب شہریوں کو یہ یقین ہو کہ ان کی شکایت سنی بھی جائے گی اور اس کا نتیجہ بھی نکلے گا۔
آخر میں حکومت سے یہی سوال ہے کہ اگر پرائس کنٹرول کمیٹیاں، محکمہ خوراک، بلدیاتی ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے عوام کو ناجائز منافع خوری سے تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو پھر ان اداروں کی موجودگی کا مقصد کیا ہے؟ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے حکومت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عوام پر منتقل ہوتے ہیں تو ان میں کمی کا فائدہ بھی عوام تک پہنچنا چاہیے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔عوام کو صرف ریلیف کے وعدے نہیں بلکہ عملی ریلیف چاہیے۔ انہیں مہنگائی کے دوہرے عذاب سے نجات دلانا حکومت کا فرض ہے، کوئی احسان نہیں۔
کبھی کبھی موسیقی کا ایک گیت ایسا سفر شروع کرتا ہے جو سرحدوں سے آگے نکل جاتا ہے۔ نہ اس کے پیچھے کسی بڑے فلم ساز کی محنت ہوتی ہے، نہ مہنگی تشہیری مہم اور نہ ہی کسی عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار کی موجودگی۔ بس چند بول، ایک خوبصورت دھن اور آواز کا ایسا...
کراچی میں صبح کا آغاز ہوتا ہے تو لاکھوں شہری اپنے گھروں سے روزگار، تعلیم اور دیگر ضروری کاموں کے لیے نکلتے ہیں۔ کوئی موٹر سائیکل پر سوار ہے، کوئی بس کا انتظار کر رہا ہے اور کوئی اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا ہے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کا شور، ٹریفک کا دباؤ اور...
اسرائیل کے حالیہ انتخابات نے مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا سیاسی اتحاد پارلیمان میں سب سے بڑا بلاک بننے کے باوجود حکومت سازی کے لیے درکار اکثریت حاصل نہیں کرسکا۔ بظاہر یہ انتخابی نتائج نیتن یاہو کے لیے سیاسی دھچکا ہیں، لیکن انہیں اقتدار...
بالی وڈ اداکار عمران خان ان دنوں اپنی کسی نئی فلم کے بجائے شہریت اور بھارت میں قیام سے متعلق معاملے پر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ بھارتی حکام نے انہیں 28 اکتوبر تک ملک چھوڑنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ کارروائی ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج میں...