کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار صرف بلند و بالا عمارتوں، سڑکوں اور بڑے بڑے منصوبوں پر نہیں ہوتا بلکہ اس کی اصل بنیاد تعلیم، صحت اور انصاف کے مضبوط نظام پر ہوتی ہے۔ تعلیم انسان کو شعور اور ہنر دیتی ہے، صحت مند معاشرہ اسے آگے بڑھنے کی قوت فراہم کرتا ہے اور انصاف اسے برابری، تحفظ اور اپنے حقوق کا احساس دلاتا ہے۔ جس ملک میں یہ تینوں شعبے مضبوط ہوں وہاں ترقی اور خوشحالی کے امکانات بھی روشن ہوتے ہیں۔ لیکن جہاں تعلیم امیر اور غریب میں تقسیم ہو، علاج عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو اور انصاف کے حصول کے لیے برسوں انتظار کرنا پڑے، وہاں ترقی کے دعوے محض اعداد و شمار تک محدود رہ جاتے ہیں۔تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، لیکن تعلیم کا مقصد صرف کتابیں پڑھنا، امتحان پاس کرنا اور ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا انسان تیار کرنا بھی ہے جو عملی زندگی کی ذمہ داریاں سمجھتا ہو، اپنے کام خود کر سکتا ہو اور معاشرے کا ایک مفید شہری بن سکے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں تعلیم کو زیادہ تر نمبروں، گریڈز اور ڈگریوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ بچے کو یہ تو سکھایا جاتا ہے کہ امتحان میں اچھے نمبر کیسے لینے ہیں، لیکن یہ کم ہی سکھایا جاتا ہے کہ زندگی کے امتحان میں کامیاب کیسے ہونا ہے۔اگر ہم مغربی ممالک کے تعلیمی نظام پر نظر ڈالیں تو وہاں بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے کتابی تعلیم کے ساتھ عملی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ اسکولوں میں بچوں کو صفائی کا خیال رکھنا، کچرا ڈسٹ بن میں ڈالنا، اپنی چیزیں ترتیب سے رکھنا اور اپنے چھوٹے چھوٹے کام خود کرنا سکھایا جاتا ہے۔ انہیں یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ صفائی صرف کسی ملازم کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔ مختلف سرگرمیوں کے ذریعے بچوں میں خود اعتمادی، تعاون اور ذمہ داری کا احساس پیدا کیا جاتا ہے۔ بعض اسکولوں میں باغبانی، کھانا تیار کرنے، دستکاری اور دوسرے عملی ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں۔ اس طرح بچے صرف کتابوں سے نہیں بلکہ اپنے تجربات سے بھی سیکھتے ہیں۔اس تربیت کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ بچے بڑے ہو کر کسی کام کو اپنی توہین نہیں سمجھتے۔ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اپنا بستر درست کرنا، اپنا کمرہ صاف رکھنا یا کھانے کے بعد اپنی پلیٹ اٹھانا کوئی چھوٹا کام نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ وہاں بچوں کو ہر کام کے لیے دوسروں کا محتاج بنانے کے بجائے خودمختار بنانے کی کوشش کی جاتی ہے کتنی بھی برف باری ہو یا سخت موسم بچے اسکول جانے سے نہیں کتراتے۔اب ذرا اپنے تعلیمی نظام کی طرف نظر ڈالیے۔ ہمارے ہاں تعلیم کا آغاز ہی بچے کو کتابوں اور بستوں کے بوجھ تلے دبا کر کیا جاتا ہے۔ صبح سویرے نیند سے بیدار ہونے والا بچہ کبھی ہوم ورک کے خوف سے، کبھی استاد کی ڈانٹ سے اور کبھی اسکول کے سخت ماحول سے پریشان نظر آتا ہے۔
کئی بچے روزانہ اسکول نہ جانے کے لیے نئے نئے بہانے تلاش کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جس جگہ جانے کے لیے بچے کو روزانہ منانا پڑے، وہاں تعلیم کا ماحول کتنا دلچسپ ہوگا؟اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر اسکول اور ہر استاد ایسا نہیں، لیکن ہمارے بعض سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کا سخت رویہ، پرانا تدریسی طریقہ اور رٹہ سسٹم بچوں کی دلچسپی ختم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ بچے کو سوال کرنے، سمجھنے اور اپنی رائے دینے کے بجائے سبق یاد کرنے اور خاموش بیٹھنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ گویا اچھا طالب علم وہ ہے جو زیادہ سوال نہ کرے بلکہ جو کچھ پڑھایا جائے اسے من و عن یاد کر لے۔ حالانکہ تعلیم کا اصل مقصد تو ذہن کھولنا اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
ہمارے ہاں ایک اور بڑا مسئلہ دوہرا تعلیمی نظام ہے۔ ایک طرف بڑے نجی اسکول ہیں جہاں بچوں کو جدید سہولیات، بہتر ماحول اور مختلف سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، دوسری طرف سرکاری اسکول ہیں جہاں کئی جگہوں پر بنیادی سہولیات بھی پوری نہیں ہوتیں۔ نجی اسکولوں کی بھاری فیسیں، داخلہ اخراجات، کتابیں، یونیفارم اور دیگرضروریات ایک عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ ایک متوسط طبقے کا والدین اگر اپنے بچے کو بہتر تعلیم دلانا چاہے تو اپنی آمدنی کا بڑا حصہ اسکول کی فیسوں پر خرچ کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا معیاری تعلیم صرف امیر گھرانوں کے بچوں کا حق ہے؟ کیا غریب کا بچہ اچھے تعلیمی ماحول، جدید تعلیم اور ہنر سیکھنے کے مواقع کا مستحق نہیں؟ اگر سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر ہو تو والدین کو اپنی استطاعت سے بڑھ کر نجی اسکولوں کی فیسیں ادا کرنے کی مجبوری کیوں ہو؟دیہی علاقوں میں تعلیم کی صورت حال مزید افسوس ناک ہے۔ کئی علاقوں میں اسکولوں کی عمارتیں موجود ہیں لیکن تعلیم کا انتظام ندارد۔ کہیں اساتذہ نہیں، کہیں بنیادی سہولیات نہیں اور کہیں اسکولوں کی عمارتیں بااثر افراد کے قبضے میں ہیں بعض مقامات پر اسکولوں کی عمارتیں مویشیوں کے باڑے بن چکی ہیں۔ گویا بچوں کے داخلے کی جگہ وڈیروں جاگیر داروں کے مویشیوں نے لے لی ہے۔ شاید ان بے زبان جانوروں کو بھی اسکول کی عمارت میں رہنے کا حق حاصل ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرنے نہیں بلکہ عمارت استعمال کرنے آئے ہیں!اس صورت حال کا سب سے بڑا نقصان غریب کسانوں اور ہاریوں کے بچوں کو ہوتا ہے۔ بعض دیہی علاقوں میں غربت، شعور کی کمی اور سماجی دباؤ کے باعث بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے وقت کا ضیاع سمجھا جاتا ہے۔ دوسری طرف ایسے بااثر طبقات بھی موجود ہیں جن کے مفادات اس بات سے جڑے ہوتے ہیں کہ محنت کش طبقہ اپنے حقوق سے ناواقف رہے۔ تعلیم ہی وہ راستہ ہے جو انسان کو سوال کرنے، اپنے حقوق پہچاننے اور خودمختار زندگی گزارنے کا شعور دیتی ہے۔ اگر غریب کا بچہ پڑھ لکھ کر اپنے حقوق پہچاننے لگے تو کیا یہ ان لوگوں کے لیے قابل قبول ہوگا جو اسے ہمیشہ اپنے تابع دیکھنا چاہتے ہیں؟ہمارے ہاں تعلیمی نظام کا ایک دلچسپ مگر افسوس ناک پہلو بھوت اسکولوں اور بھوت اساتذہ کی صورت میں بھی سامنے آتا ہے۔ ایسے اسکول بھی موجود ہونے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں جہاں نہ بچوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں، نہ استاد پڑھانے کے لیے موجود ہوتے ہیں، لیکن سرکاری کاغذات میں اسکول بھی چل رہے ہوتے ہیں اور اساتذہ کی تنخواہیں بھی جاری رہتی ہیں۔ گویا اسکول میں تعلیم دینے والے تو نظر نہیں آتے مگر تنخواہیں وصول کرنے والے ضرور موجود ہیں۔ شاید ہمارے تعلیمی نظام میں حاضری کی پابندی صرف بچوں کے لیے ہے، تنخواہ لینے والوں کے لیے نہیں!اس صورت حال میں
سب سے بڑا نقصان ان غریب بچوں کا ہے جن کے والدین اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کے خواب دیکھتے ہیں، مگر انہیں اسکول کی جگہ بند
دروازے اور خالی عمارتیں ملتی ہیں۔ ہمارے ہاں عجیب نظام ہے، کہیں اسکولوں میں بچوں کی جگہ مویشی حاضر ہیں اور کہیں اساتذہ کی جگہ صرف تنخواہیں!
تعلیم کے ساتھ ہنر کی اہمیت بھی ہمارے ہاں نظرانداز کی جاتی ہے۔ ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ ڈاکٹر، انجینئر یا افسر بنے۔ کوئی یہ نہیں چاہتا کہ اس کا بچہ بڑھئی، الیکٹریشن، پلمبر، مکینک یا کوئی دوسرا ہنر سیکھے۔ شاید ہم نے معاشرے میں کاموں کی بھی ایک طبقاتی تقسیم کر رکھی ہے۔ دفتر میں بیٹھ کر کام کرنا عزت کی علامت سمجھا جاتا ہے جبکہ ہاتھ سے کام کرنے والے کو کمتر نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ حالانکہ ترقی یافتہ معاشروں میں ہنرمند افراد کی قدر کی جاتی ہے۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں ابتدائی جماعتوں سے علمی سرگرمیوں کو نصاب کا حصہ بنانا چاہیے۔ بچوں کو باغبانی، صفائی، دستکاری، بنیادی ٹیکنالوجی اور روزمرہ زندگی کے ضروری کام سکھائے جائیں۔ انہیں یہ بھی بتایا جائے کہ پانی اور بجلی ضائع کرنا، سڑکوں پر کچرا پھینکنا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانا غیر ذمہ دارانہ رویے ہیں۔ اساتذہ کی تربیت بھی ضروری ہے تاکہ وہ بچوں کے اندر خوف پیدا کرنے کے بجائے سیکھنے کا شوق پیدا کریں۔حکومت کو چاہیے کہ سرکاری اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تعلیمی معیار بہتر بنانے پر توجہ دے۔ اسکولوں کی باقاعدہ نگرانی ہو، غیر حاضر عملے کا احتساب کیا جائے اور تعلیمی وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا اور دوہرا تعلیمی نظام احساس کمتر معاشرہ بنا رہا ہے تعلیم کو صرف نصابی کتابوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ بچوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کیا جائے۔ والدین کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی۔ بچوں کو ہر کام کے لیے ملازموں کا محتاج بنانے کے بجائے چھوٹی عمر سے اپنے کام خود کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔آخر میں سوال یہ ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو کیا دے رہے ہیں؟ چند ڈگریاں، چند سرٹیفکیٹ اور ملازمت کے حصول کی امید، یا ایک ایسا شعور جو انہیں زندگی کے ہر میدان میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنائے؟یاد رکھیے، تعلیم یافتہ ہونا اور تربیت یافتہ ہونا دو الگ باتیں ہیں۔
ہمارے معاشرے میں کامیابی کے بہت سے راستے ہیں، مگر ان میں ایک راستہ ایسا بھی ہے جس پر چلنے کے لیے نہ کسی تعلیمی ڈگری کی ضرورت ہے، نہ تجربے کی، نہ کسی خاص قابلیت کی۔ بس زبان میں مٹھاس، چہرے پر مسکراہٹ اور سامنے والے کی ہر بات پر سر ہلانے کا فن...
پڑوسی اچھا ہو تو زندگی آسان ہو جاتی ہے، لیکن اگر پڑوسی دنیا کی سپر پاور ہو اور اس کا سربراہ ہر دوسرے دن کوئی نیا فرمان جاری کر دے تو پھر ہمسایہ ہونے کی قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے کینیڈا کو اپنے جنوبی پڑوسی امریکہ کے ساتھ کچھ ایسے...
ایک زمانہ تھا جب پاکستانی ڈرامہ گھر کے تمام افراد کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جاتا تھا۔ دادی اماں سے لے کر گھر کے بچوں تک، سب کی دلچسپی اس میں ہوتی 60 کی دہائی سے پاکستان ٹیلی وڑن نے اپنے سفر کا آغاز کیا اور خوب کیا سارا گھرانا بچے سے لے کر بوڑھے...
غیر ممالک میں رہتے ہوئے ہم اکثر یہ شکوہ کرتے ہیں کہ یہاں پڑوسی کو پڑوسی کی خبر نہیں، کوئی بیمار ہو جائے تو ضروری نہیں کہ ساتھ والے گھر کو بھی معلوم ہو، نہ رشتے داروں کی آمدورفت، نہ بلاواسطہ میل جول، نہ وہ اپنائیت جس کے قصے ہم اپنے وطن کے حوالے سے...