پڑوسی اچھا ہو تو زندگی آسان ہو جاتی ہے، لیکن اگر پڑوسی دنیا کی سپر پاور ہو اور اس کا سربراہ ہر دوسرے دن کوئی نیا فرمان جاری کر دے تو پھر ہمسایہ ہونے کی قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے کینیڈا کو اپنے جنوبی پڑوسی امریکہ کے ساتھ کچھ ایسے ہی حالات کا سامنا رہا ہے۔ کبھی تجارتی محصولات کی دھمکیاں، کبھی کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کے بیانات، کبھی سرحدی تجارت پر پابندیاں اور کبھی کینیڈا کی خودمختاری کے بارے میں غیر معمولی تبصرے گویا کینیڈا نے اپنے گھر کے مسائل حل کرنے سے زیادہ وقت پڑوسی کے بدلتے ہوئے مزاج کو سمجھنے میں صرف کیا۔اب امریکی وسط مدتی (مڈ ٹرم )انتخابات کے نتائج نے سیاسی منظرنامہ تبدیل کر دیا ہے۔ ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ری پبلکن جماعت کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا ہے۔ اگرچہ ٹرمپ ابھی وائٹ ہاؤس میں موجود رہیں گے، لیکن اب ان کے لیے اگلے دو سال اپنی مرضی کے فیصلے کرنا پہلے جتنا آسان نہیں ہوگا۔ امریکی سیاست میں اسے ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا سکتا ہے۔امریکہ میں وسط مدتی انتخابات محض نمائندوں کے انتخاب کا نام نہیں ہوتے بلکہ یہ صدر کی کارکردگی پر عوامی ردعمل کا اظہار بھی سمجھے جاتے ہیں اس بار مہنگائی، روزمرہ اخراجات، ایران کے ساتھ جنگ اور ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں پر عوامی ناراضی نے انتخابی نتائج میں اہم کردار ادا کیا۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ امریکی ووٹر زنے بھی آخرکار اپنے ووٹ کے ذریعے حکمرانوں کو یاد دلایا ہے کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا اور عوامی مسائل کو نظرانداز کرنے کی ایک قیمت ہوتی ہے۔اب سوال یہ ہے کہ اس سیاسی تبدیلی کا کینیڈا پر کیا اثر پڑے گا؟کینیڈا اور امریکہ کے تعلقات محض دو پڑوسی ممالک کے سفارتی تعلقات نہیں بلکہ دونوں ملکوں کی معیشتیں ایک دوسرے سے گہرائی سے جڑی ہوئی ہیں۔ امریکہ کینیڈا کی سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے دونوں ملکوں کے درمیان روزانہ اربوں ڈالر کی تجارت ہوتی ہے۔ کینیڈا کی اسٹیل، ایلومینیم، لکڑی، گاڑیوں اور دیگر صنعتوں کا بڑا انحصار امریکی منڈی پر ہے۔ ایسے میں جب امریکی صدر محصولات یعنی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کرتے ہیں تو اس کا اثر صرف حکومتی دفاتر تک محدود نہیں رہتا بلکہ فیکٹریوں، کاروباروں، ملازمین اور بالآخر عام صارفین تک پہنچتا ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کینیڈین مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے کی پالیسی نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی کشیدگی پیدا کی۔ کینیڈا نے بھی جوابی محصولات عائد کیے تاکہ اپنے کاروبار اور ملازمتوں کا تحفظ کیا جا سکے۔ لیکن تجارتی جنگ میں دونوں طرف کے کاروبار متاثر ہوتے ہیں۔ اگر امریکی کمپنی کو کینیڈا سے آنے والا خام مال مہنگا ملے گا تو اس کی پیداواری لاگت بھی بڑھے گی اور اس کا بوجھ بالآخر امریکی صارف کو بھی اٹھانا پڑے گا۔ یعنی پڑوسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں اپنا گھر بھی متاثر ہو سکتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ کی کینیڈا کے خلاف تجارتی پالیسی امریکی انتخابات میں بھی ایک مسئلہ بن گئی۔مشی گن اور مین جیسی سرحدی ریاستوں میں بعض امیدواروں نے کینیڈا کے خلاف محصولات کی مخالفت کی کیونکہ ان کی اپنی ریاستوں کے کاروبار بھی اس کشیدگی سے متاثر ہو رہے تھے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ خارجہ اور تجارتی پالیسی کے فیصلے صرف سرحد پار نہیں بلکہ اپنے ملک کے ووٹروں کو بھی متاثر کرتے ہیں۔اب کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ٹرمپ کی پالیسیوں پر سوالات اٹھا سکتی ہے، ان کے فیصلوں کی نگرانی بڑھا سکتی ہے اور تجارتی معاملات میں صدر پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔ تاہم یہ سمجھنا درست نہیں ہوگا کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی کے ساتھ ہی تمام ٹیرف ختم ہو جائیں گے۔ امریکی صدر کے پاس بھی محصولات کے حوالے سے بعض قانونی اختیارات موجود ہیں۔ اس لیے کینیڈا کو فوری ریلیف کی خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے لیے بھی یہ ایک اہم موقع ہے۔ انہیں ایک طرف امریکی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے ہیں تو دوسری طرف اپنے ملک کے مفادات کا تحفظ بھی کرنا ہے۔ کینیڈا کے وزیر تجارت ڈومینک لی بلانک نے واضح کیا ہے کہ امریکی انتخابات کے نتائج سے کینیڈا کی تجارتی تنوع کی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔ حکومت دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی کوشش جاری رکھے گی۔ یہ ایک حقیقت پسندانہ حکمت عملی ہے کیونکہ کسی ایک ملک پر حد سے زیادہ انحصار معاشی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔یہاں ایک اہم بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کینیڈا کے لیے امریکہ صرف ایک تجارتی شراکت دار نہیں بلکہ اس کا سب سے بڑا معاشی پڑوسی ہے۔ توانائی، گاڑیوں کی صنعت، خوراک، خام مال اور روزگار کے شعبے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔ اس لیے تعلقات میں کشیدگی کا نقصان کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہتا۔ کینیڈا میں اگر کوئی فیکٹری پیداوار کم کرتی ہے تو اس کا اثر ملازمین اور ان کے خاندانوں پر پڑتا ہے۔ اسی طرح امریکی صنعتوں کو بھی کینیڈین خام مال اور مصنوعات کی ضرورت ہے۔کینیڈا کے عام شہری کے لیے بھی یہ سوال اہم ہے کہ ان انتخابات سے اس کی روزمرہ زندگی میں کیا تبدیلی آئے گی؟ کیا اشیائے ضرورت سستی ہوں گی؟ کیا ملازمتوں کے مواقع بہتر ہوں گے؟ کیا کاروباری طبقے کو غیر یقینی صورت حال سے نجات ملے گی؟ ابھی ان سوالات کے جوابات دینا قبل از وقت ہے، لیکن اگر دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی کشیدگی کم ہوتی ہے تو اس کے مثبت اثرات دونوں طرف محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کی بیانات سے کبھی یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ عالمی سفارت کاری کے ایوانوں میں کوئی لڑاکا پھپو آ بیٹھی ہیں؛ جو نہ خود چین سے بیٹھتی ہیں، نہ پڑوسیوں کو سکون سے رہنے دیتی ہیں کبھی ناراضی، کبھی دھمکی، کبھی نیا مطالبہ ، فرق صرف اتنا ہے کہ خاندانی پھپو کی ناراضی گھر تک محدود رہتی ہے، دنیا کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا ایران کو آسان ہدف سمجھنا بہت بڑی غلطی تھی ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کا باعث بنا ہے ،البتہ ٹرمپ کی سیاست کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ وہ اپنے بیانات اور فیصلوں سے اکثر سیاسی بحث کو نئی سمت دے دیتے ہیں۔ کبھی کینیڈا کو 51ویں ریاست بنانے کا ذکر، کبھی محصولات کی دھمکیاں اور کبھی تجارتی مذاکرات میں سخت شرائط کینیڈین شہریوں کے لیے یہ سب کچھ کم دلچسپ نہیں رہا آخر ایک خودمختار ملک کو بار بار یہ یاد دلانے کی کیا ضرورت ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کی ریاست نہیں؟ کینیڈا کی اپنی پارلیمنٹ، اپنی حکومت، اپنا پرچم اور اپنی قومی شناخت ہے ، ہمسایہ ہونا اور کسی کی ملکیت ہونا دو بالکل مختلف باتیں ہیں!اب امریکی کانگریس میں اپوزیشن کی اکثریت کے بعد ٹرمپ کو اپنے ہی ملک کے اندر بھی سیاسی مخالفت کا سامنا کرنا ہوگا۔ ہر بڑے فیصلے پر سوال اٹھیں گے، حکومتی پالیسیوں کی جانچ ہوگی اور قانون سازی میں رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔ گویا اگلے دو سال انہیں صرف بیرونی معاملات ہی نہیں بلکہ اندرونی سیاسی محاذ پر بھی خاصی مصروفیت رہے گی۔ کینیڈا کے لیے شاید یہ ایک ایسا موقع ہو جب اسے ہر دوسرے دن پڑوسی کے نئے اعلان پر تشویش میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔تاہم کینیڈا کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ امریکہ میں حکومتیں اور
جماعتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، لیکن قومی مفادات اپنی جگہ برقرار رہتے ہیں۔ ڈیموکریٹس ہوں یا ری پبلکن، امریکی قیادت اپنے ملک کے معاشی اور سیاسی مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔ اس لیے کینیڈا کی خوشحالی کا انحصار کسی امریکی جماعت کی کامیابی پر نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے اپنی معیشت مضبوط کرنے، نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور ملکی صنعتوں کو مستحکم بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔اس انتخابی نتیجے کا ایک سبق یہ بھی ہے کہ جمہوریت میں عوام کے پاس حکمرانوں کو جواب دہ بنانے کا ایک مؤثر راستہ موجود ہے۔ عوام جب اپنے مسائل کو اہمیت دیتے ہیں تو وہ انتخابی نتائج کے ذریعے اپنی ناراضی کا اظہار بھی کر سکتے ہیں۔ مہنگائی، روزگار، جنگ اور معاشی مشکلات جیسے مسائل کسی ایک ملک کے عوام تک محدود نہیں۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی عوام اپنے حکمرانوں سے سوال کرتے ہیں اور انہیں اپنے فیصلوں کا حساب دینا پڑتا ہے۔فی الحال کینیڈا کے لیے یہ خبر ایک ممکنہ سیاسی ریلیف ضرور ہے، مکمل نجات نہیں۔ ٹرمپ کے اقتدار کے دو سال ابھی باقی ہیں اور ان کے بیانات اور پالیسیوں میں کیا تبدیلی آتی ہے، یہ آنے والا وقت بتائے گا۔بہرحال کینیڈا نے اپنے پڑوسی کے ساتھ رہنا بھی ہے اور اپنے مفادات کا تحفظ بھی کرنا ہے۔ امید یہی ہے کہ آنے والے دو سال تجارتی دھمکیوں کے بجائے مذاکرات، مقابلہ آرائی کے بجائے تعاون اور غیر یقینی صورت حال کے بجائے استحکام کے ہوں۔آخر میں ایک بات تو طے ہے کہ ٹرمپ صاحب کو اب اگلے دو سال صرف کینیڈا کی طرف دیکھ کر فیصلے نہیں کرنے ہوں گے، اپنے گھر کے اندر بھی اپوزیشن موجود ہوگی۔ اب ان کی اپنی ٹانگ کھینچنے والے بھی کم نہیں ہوں گے! کینیڈا کے شہری شاید دل ہی دل میں یہی دعا کر رہے ہوں گے کہ پڑوسی کے گھر میں سیاسی مصروفیات اتنی بڑھ جائیں کہ اسے ہماری سرحد کی طرف دیکھنے کی فرصت ہی نہ ملے۔لیکن سیاست میں مستقل دوست اور مستقل دشمن نہیں ہوتے، مستقل صرف قومی مفادات ہوتے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ کی خواہش نوبل امن انعام حاصل کرنے کی تھی، مگر اب سیاسی حالات نے ایسا پلٹا کھایا ہے کہ شاید انہیں عام سا کپ بھی لینے کے لیے پہلے جیوری کو قائل کرنا پڑے!ٹرمپ صاحب کی خواہش تھی کہ دنیا انہیں نوبل امن انعام سے نوازے، لیکن سیاست کے میدان میں حالیہ نتائج نے ان کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اب صورت حال یہ ہے کہ نوبل انعام تو دور کی بات، کہیں کسی مقامی تقریب میں شرکت کریں تو ٹرافی دینے سے پہلے بھی شاید پوچھ لیا جائے کہ جناب! پہلے یہ بتائیے کہ آپ اس پر ٹیرف تو نہیں لگا دیں گے۔
کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار صرف بلند و بالا عمارتوں، سڑکوں اور بڑے بڑے منصوبوں پر نہیں ہوتا بلکہ اس کی اصل بنیاد تعلیم، صحت اور انصاف کے مضبوط نظام پر ہوتی ہے۔ تعلیم انسان کو شعور اور ہنر دیتی ہے، صحت مند معاشرہ اسے آگے بڑھنے کی قوت فراہم کرتا...
ہمارے معاشرے میں کامیابی کے بہت سے راستے ہیں، مگر ان میں ایک راستہ ایسا بھی ہے جس پر چلنے کے لیے نہ کسی تعلیمی ڈگری کی ضرورت ہے، نہ تجربے کی، نہ کسی خاص قابلیت کی۔ بس زبان میں مٹھاس، چہرے پر مسکراہٹ اور سامنے والے کی ہر بات پر سر ہلانے کا فن...
ایک زمانہ تھا جب پاکستانی ڈرامہ گھر کے تمام افراد کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جاتا تھا۔ دادی اماں سے لے کر گھر کے بچوں تک، سب کی دلچسپی اس میں ہوتی 60 کی دہائی سے پاکستان ٹیلی وڑن نے اپنے سفر کا آغاز کیا اور خوب کیا سارا گھرانا بچے سے لے کر بوڑھے...
غیر ممالک میں رہتے ہوئے ہم اکثر یہ شکوہ کرتے ہیں کہ یہاں پڑوسی کو پڑوسی کی خبر نہیں، کوئی بیمار ہو جائے تو ضروری نہیں کہ ساتھ والے گھر کو بھی معلوم ہو، نہ رشتے داروں کی آمدورفت، نہ بلاواسطہ میل جول، نہ وہ اپنائیت جس کے قصے ہم اپنے وطن کے حوالے سے...