انسان کے چہرے پر سجی مسکراہٹ ہمیشہ اس کے دل کی کیفیت کی ترجمان نہیں ہوتی۔ بعض چہرے ایسے بھی ہوتے ہیں جن پر محبت، خلوص اور اپنائیت کی ایسی خوب صورت تہہ چڑھی ہوتی ہے کہ پہلی نظر میں ان کے باطن تک پہنچنا ممکن نہیں ہوتا۔ لبوں پر مسکراہٹ، لہجے میں مٹھاس، گفتگو میں احترام اور رویّے میں بے پناہ خلوص کا تاثر، مگر اسی شخصیت کے اندر کہیں حسد، عداوت، رقابت اور انتقام کی خاموش آگ جل رہی ہوتی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو دشمنی کا اظہار نفرت سے نہیں بلکہ محبت کے انداز میں کرتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں منافقت نے اب اتنی نفاست اختیار کر لی ہے کہ دشمن کو پہچاننا بھی ایک مشکل مرحلہ بن چکا ہے۔ پہلے مخالفت سامنے آتی تھی، اختلاف واضح ہوتا تھا اور دشمنی کے تیور چھپائے نہیں جاتے تھے، مگر اب زمانہ بدل گیا ہے۔ اب بعض لوگ آپ کے سامنے آپ کے خیرخواہ، آپ کی غیر موجودگی میں آپ کے ناقد اور موقع ملنے پر آپ کے راستے کی رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ آپ کی محفل میں شریک ہوں گے، آپ کی کامیابی پر تالیاں بھی بجائیں گے، مبارک باد بھی دیں گے، لیکن ان کے دل میں یہ خواہش ضرور زندہ رہے گی کہ یہ کامیابی آپ کے حصے میں کیوں آئی؟
یہ کیسی عجیب نفسیات ہے کہ کچھ لوگوں کو دوسروں کی ناکامی سے اتنی خوشی ملتی ہے جتنی اپنی کامیابی سے بھی نہیں ملتی۔ وہ کسی کی محنت، قابلیت اور جدوجہد کو تسلیم کرنے کے بجائے اس میں عیب تلاش کرتے ہیں۔ اگر آپ آگے بڑھیں تو انہیں آپ کا اندازِ گفتگو برا لگنے لگتا ہے، اگر آپ خاموش رہیں تو آپ کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہیں، اگر آپ جواب دیں تو آپ کے لہجے کو موضوع بنا لیتے ہیں۔ گویا مسئلہ آپ کے کسی عمل سے نہیں بلکہ آپ کے وجود، آپ کی کامیابی اور آپ کی پہچان سے ہوتا ہے۔
ایسے کرداروں کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنی عداوت کو کبھی عداوت تسلیم نہیں کرتے۔ وہ ہر سازش کو مصلحت، ہر تنقید کو اصلاح، ہر مخالفت کو اصول اور ہر ذاتی عناد کو حق گوئی کا نام دے دیتے ہیں۔ دوسروں کے سامنے آپ کے لیے ہمدردی کے الفاظ ادا کریں گے، لیکن اسی ہمدردی کی آڑ میں آپ کے خلاف شکوک و شبہات بھی پیدا کریں گے۔ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ براہِ راست حملہ کرنے سے ان کا چہرہ بے نقاب ہو سکتا ہے، اس لیے وہ کردار کشی کے لیے ایسے راستے اختیار کرتے ہیں جہاں ان کا نام بھی سامنے نہ آئے اور مقصد بھی حاصل ہو جائے۔
سب سے زیادہ افسوس ناک صورت حال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ایسے لوگ دوستی، رفاقت، اداروں، ادبی حلقوں یا سماجی تعلقات کا حصہ بن کر اپنے ذاتی مفادات کو اجتماعی مفاد کا نام دینے لگتے ہیں۔ بظاہر سب کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں، لیکن حقیقت میں ان کی وفاداری کسی اصول یا مقصد کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے فائدے کے ساتھ ہوتی ہے۔ جہاں مفاد پورا ہو، وہاں خلوص کے دعوے؛ جہاں فائدہ
ختم ہو، وہاں تعلقات کی حقیقت بھی ختم۔
یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہر اختلاف کرنے والا ہمارا دشمن ہے؟ ہرگز نہیں! اختلاف انسانی شعور کا حصہ ہے۔ کسی کی رائے سے اتفاق نہ کرنا، اس کے نظریے پر تنقید کرنا یا اس کے فیصلے سے اختلاف رکھنا کوئی برائی نہیں۔ برائی اس وقت جنم لیتی ہے جب اختلاف کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کر دیا جائے۔ جب کسی کی عزت مجروح کرنا، اس کی کامیابی کو مشکوک بنانا اور اس کے تعلقات خراب کرنا مقصد بن جائے تو پھر یہ اختلاف نہیں، باقاعدہ ذہنی پستی اور اخلاقی دیوالیہ پن ہے۔
ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ خلوص کا تعلق الفاظ کی خوب صورتی سے نہیں بلکہ کردار کی سچائی سے ہے۔ جو شخص آپ کے سامنے آپ کی تعریف کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ آپ کا خیرخواہ بھی ہو، اور جو شخص آپ کی غلطی پر آپ کو ٹوکتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ آپ کا مخالف ہو۔ اصل پہچان وقت کرتا ہے۔ مشکل حالات میں کون ساتھ کھڑا رہتا ہے، کامیابی میں کون دل سے خوش ہوتا ہے اور اختلاف کے باوجود کون آپ کی عزت کا خیال رکھتا ہے، یہی وہ پیمانے ہیں جو تعلقات کی حقیقت واضح کرتے ہیں۔
بدقسمتی سے ہم نے چہروں کی مسکراہٹوں کو خلوص اور میٹھے لہجوں کو وفاداری سمجھنے کی غلطی کر رکھی ہے۔ اسی لیے بہت سے لوگ اعتماد کے نام پر دھوکا کھاتے ہیں اور تعلقات کے نام پر ذہنی اذیت برداشت کرتے ہیں۔ لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ دوسروں کی منافقت سے سبق لیتے ہوئے ہم خود اس روش کا حصہ نہ بنیں۔ کسی سے اختلاف ہے تو سامنے کیجیے، کسی سے شکایت ہے تو واضح کیجیے اور کسی سے تعلق نہیں رکھنا تو خاموشی سے فاصلہ اختیار کر لیجیے۔ دوستی کا نقاب پہن کر دشمنی نبھانا کسی ذہانت یا چالاکی کی علامت نہیں، یہ کردار کی کمزوری ہے۔
یاد رکھیے! انسان کی اصل خوب صورتی اس کے چہرے پر نہیں، اس کے باطن میں ہوتی ہے۔ مسکراہٹ چند لمحوں کے لیے دل جیت سکتی ہے، مگر منافقت ایک دن اعتماد کا قتل ضرور کرتی ہے۔ کسی کو گرانے کے لیے بچھائے گئے جال اکثر اپنے بچھانے والوں کے کردار کو ہی بے نقاب کر دیتے ہیں۔
کیونکہ دشمنی کرنے والا کم از کم اپنی پہچان تو واضح رکھتا ہے، اصل خطرہ تو اس شخص سے ہے جو ہاتھ ملاتے ہوئے مسکراتا ہے اور اسی ہاتھ سے آپ کے خلاف سازش کے دروازے بھی کھولتا ہے۔
اور شاید ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ اب ہمیں دشمنوں سے اتنا خوف نہیں آتا جتنا ان خیرخواہوں سے آتا ہے جن کے چہروں پر مسکراہٹ اور دلوں میں عداوت پلتی ہے۔
ہمارے معاشرے میں کچھ جملے ایسے ہیں جنہیں عقیدت کی چادر اوڑھا کر اس قدر طاقتور بنا دیا گیا ہے کہ ان پر سوال اٹھانا بھی بعض لوگوں کے نزدیک جرم بن جاتا ہے۔ انہی میں ایک جملہ ہے: ’’سید کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔‘‘ یہ جملہ بظاہر عقیدت اور احترام کا اظہار محسوس...
ایک وقت تھا جب بچے شام ڈھلے گلیوں میں کھیلتے، بزرگوں کے پاس بیٹھ کر کہانیاں سنتے، کتابوں سے دوستی کرتے اور اساتذہ کی نصیحت کو زندگی کا اصول سمجھتے تھے۔ آج منظر بدل چکا ہے۔ بچوں کے ہاتھوں میں موبائل فون ہے، آنکھیں اسکرین پر جمی ہیں اور ذہن ایک ایسی مجازی دنیا میں...
زندگی میں اختلاف کوئی انہونی بات نہیں۔ دو انسانوں کے درمیان نظریاتی، ذاتی یا مفاداتی اختلاف ہونا فطری امر ہے، لیکن اصل سوال یہ نہیں کہ اختلاف کیوں پیدا ہوا، بلکہ یہ ہے کہ اس اختلاف سے فائدہ کون اٹھا رہا ہے؟ کبھی دو لوگ ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہوتے ہیں، ایک دوسرے کی...
ہمارے معاشرے کا ایک عجیب المیہ ہے کہ ہم کسی ضرورت مند کو چند سکے دے کر اپنی سخاوت کے چرچے تو چاہتے ہیں، مگر جب کسی کا جائز حق ادا کرنے کی باری آتی ہے تو ہمارے ہاتھ بند اور دلائل کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ ہم خیرات دے کر اپنی نیکی کا اعلان...