شاعری صرف لفظوں کا خوب صورت لباس نہیں، یہ احساس کی وہ آواز ہے جو ہر شاعر کے ہاں اپنا لہجہ اختیار کر لیتی ہے۔ ایک ہی خیال کسی شاعر کے ہاں محبت بن کر اترتا ہے، دوسرے کے ہاں احتجاج بن جاتا ہے، تیسرے کے ہاں فلسفہ، چوتھے کے ہاں طنز اور پانچویں کے ہاں ایسا ذاتی دکھ کہ پڑھنے والا اسے اپنا دکھ سمجھنے لگتا ہے۔
یہی اردو شاعری کا حسن ہے کہ خیال ایک ہو سکتا ہے، مگر اس کی بازگشت کبھی ایک جیسی نہیں ہوتی۔
ایک شاعر محبت کو وصال کی خوشبو میں بیان کرتا ہے تو دوسرا اسی محبت کو جدائی کے زخم سے دیکھتا ہے۔ کوئی عشق میں محبوب کی تعریف کرتا ہے، کوئی اسی عشق میں اپنی ذات کی شکست تلاش کرتا ہے۔ کسی کے ہاں محبوب ایک شخص ہے اور کسی کے ہاں پوری کائنات۔
یہ فرق ہی شاعری کو شاعری بناتا ہے۔
ورنہ الفاظ تو ہر شخص کے پاس ہیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ لفظ کے پیچھے دل کتنا جاگا ہوا ہے؟
اردو شاعری کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ بڑے شاعروں نے کبھی ایک ہی خیال کو ایک ہی انداز میں قید نہیں کیا۔ غالب کے ہاں غم بھی سوال بن جاتا ہے، میر کے ہاں وہی غم دل کی ویرانی کا نوحہ بن کر سامنے آتا ہے، اقبال کے ہاں فرد کا دکھ اجتماعی بیداری میں ڈھل جاتا ہے اور فیض کے ہاں محبت کا استعارہ سماجی ناانصافی کے خلاف آواز بن جاتا ہے۔
یعنی خیال وہی، مگر لہجہ بدلتے ہی معنی کی دنیا بدل گئی۔
یہی وہ مقام ہے جہاں اصل شاعری اور محض شاعرانہ جملے کے درمیان فاصلہ پیدا ہوتا ہے۔
خیال کسی کی جاگیر نہیں
یہاں ایک بات ذرا دوٹوک انداز میں کہنا ضروری ہے۔ اگر کسی موضوع پر، کسی شاعر کے بعد، کوئی دوسرا شاعر بھی وہی بنیادی خیال قلمبند کرتا ہے تو فوراً یہ فرض کر لینا کہ اس نے پہلے شاعر کا خیال چْرا لیا، اسے معمولی سی تبدیلی کے ساتھ اپنا بنا لیا یا جان بوجھ کر نقل کی ہے—یہ نہ صرف ادبی کم ظرفی ہے بلکہ تنقید کے بنیادی اصولوں سے بھی ناواقفیت ہے۔ ہر خیال پر کسی ایک شخص کی مہرِ ملکیت نہیں لگی ہوتی۔ بعض موضوعات
انسانی زندگی، معاشرے، محبت، دکھ، عبادت اور تجربے کے ایسے مشترکہ سچ ہوتے ہیں جن پر صدیوں سے مختلف لوگ لکھتے آئے ہیں اور آئندہ بھی لکھتے رہیں گے۔
یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جسے ہم بسا اوقات ’’معمولی سی تبدیلی‘‘ کہہ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، وہ حقیقت میں معمولی نہیں ہوتی۔ ایک لفظ کا انتخاب، ایک استعارہ، لہجے کی تبدیلی، زاویہ نظر، مصرعے کی ساخت اور احساس کی شدت پورے شعر کی معنویت بدل سکتی ہے۔ ایک ہی خیال دو مختلف ذہنوں میں داخل ہو کر دو بالکل مختلف شعری تجربات پیدا کر سکتا ہے۔ اس لیے محض موضوع کی مماثلت کو سرقہ قرار دینا علمی اور ادبی دونوں اعتبار سے کمزور رویہ ہے۔
ذرا دیکھیے، رات کو رونا، شب کی عبادت اور دعاؤں کے ذریعے رب سے قرب حاصل کرنا کوئی ایک شاعر ایجاد نہیں کر سکتا؛ اس پر کروڑوں مسلمانوں کا ایمان ہے۔ ’’آستین کے سانپ‘‘ ایک ایسا معروف استعارہ ہے جسے سمجھنے کے لیے کسی ایک شاعر کی اجازت درکار نہیں۔ ’’کتاب بہترین ساتھی ہے‘‘ ایک ایسا عمومی خیال ہے جس سے شاید ہی کوئی اختلاف کرے۔ تو اگر آپ کے بعد کوئی شاعر انہی انسانی اور معاشرتی تجربات میں سے کسی ایک موضوع پر قلم اٹھاتا ہے تو محض اس بنیاد پر یہ کہنا کہ وہ آپ کے خیال کو اپنا بنا رہا ہے، ادبی انصاف نہیں۔
اور براہِ کرم ہر مماثلت کو ’’چوری‘‘ کا نام دینے سے پہلے ذرا بڑا دل بھی رکھیے۔ خیال آپ کی جاگیر نہیں، موضوع آپ کی ذاتی ملکیت نہیں اور استعارے پر کسی ایک شاعر کا حقِ ملکیت درج نہیں۔ آپ نے کسی خیال کو اپنے انداز میں برتا ہے تو یہ آپ کا تخلیقی حق ہے، لیکن دوسرے شاعر کو بھی اسی انسانی تجربے کو اپنے لہجے، اپنے احساس اور اپنی فکری سمت میں بیان کرنے کا اتنا ہی حق حاصل ہے۔
آج کل تو معاملہ یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ جہاں دو اشعار میں معمولی سی مماثلت دکھائی دی، فوراً اے آئی کو بھی درمیان میں لے آیا گیا؛ جی اے آئی سے مدد لی گئی ہے جیسے ادب کا فیصلہ اب تخلیقی بصیرت نہیں بلکہ کسی مشینی مشابہت کے پیمانے سے ہوگا۔ حالانکہ یہ ’’پنگے‘‘ اے آئی کے آنے سے بہت پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ تب یہ مصنوعی ذہانت نہ تھی، مگر پھر بھی شاعر ایک دوسرے کے موضوعات، استعاروں اور اسالیب سے مماثلت رکھتے تھے۔ اصل سوال یہ نہیں کہ خیال پہلے کس نے لکھا؛ اصل سوال یہ ہے کہ دوسرے شاعر نے اسے کس طرح برتا، کس نئی معنویت میں ڈھالا اور اپنی تخلیقی شناخت اس میں کس حد تک شامل کی۔
اس لیے الزام لگانے میں جلدی نہ کیجیے۔ پہلے ادب کی وسعت کو سمجھیے، پھر اپنے دعوے کی بنیاد تلاش کیجیے۔ بڑا شاعر صرف اچھا لکھنے والا نہیں ہوتا، بڑا دل رکھنے والا اعلیٰ ظرف اچھا انسان بھی ہوتا ہے۔ اپنے خیال کی قدر کیجیے، مگر اسے پوری دنیا کی ملکیت پر دعویٰ بنانے سے گریز کیجیے۔ ادب مقابلہ ملکیت نہیں، مکالمہ انسانیت ہے؛ یہاں خیال سفر کرتا ہے، نئے ذہنوں میں داخل ہوتا ہے اور ہر نئے قلم سے ایک نیا لہجہ اختیار کرتا ہے۔
آج کے زمانے میں شاعری کی سب سے بڑی آزمائش شاید یہی ہے کہ شاعر کے پاس کہنے کو کچھ نیا ہے یا صرف کہنے کا انداز نیا ہے؟
سوشل میڈیا نے شعر کو عام آدمی تک ضرور پہنچایا ہے، مگر اسی کے ساتھ ایک خطرناک رجحان بھی پیدا ہوا ہے۔ دو خوب صورت مصرعے لکھ دیے، چند مشکل الفاظ شامل کر دیے، ایک اداس تصویر لگا دی اور سمجھ لیا گیا کہ شاعری ہو گئی۔
نہیں!
شاعری صرف اداس ہونے کا نام نہیں۔
شاعری اداسی کو معنی دینے کا نام ہے۔
ہر ٹوٹا ہوا دل شاعر نہیں ہوتا اور ہر خوب صورت جملہ شعر نہیں ہوتا۔ شعر کے لیے احساس کے ساتھ شعور، زبان کے ساتھ ہنر، خیال کے ساتھ تخلیقی قوت اور سب سے بڑھ کر اظہار میں اپنی شناخت ضروری ہے۔
ایک ہی موضوع پر کئی شاعروں کے اشعار پڑھنے سے اس حقیقت کا اندازہ بخوبی ہوتا ہے۔ مثلاً محبت ہی کو لے لیجیے۔ ایک شاعر کے لیے محبت سکون ہے، دوسرے کے لیے اضطراب، تیسرے کے لیے عبادت، چوتھے کے لیے بغاوت اور پانچویں کے لیے ایک ایسا تجربہ جو انسان کو اپنی ذات سے آشنا کرتا ہے۔
موضوع ایک ہے۔
مگر شاعر کی آنکھ الگ ہے۔
اور شاعری دراصل اسی الگ آنکھ کا نام ہے۔
اگر ہر شاعر ایک ہی طرح محبت لکھے، ایک ہی طرح جدائی بیان کرے، ایک ہی طرح بارش دیکھے اور ایک ہی طرح چاند کو محبوب سے تشبیہ دے تو پھر شاعری میں تنوع کہاں باقی رہے گا؟
مسئلہ یہ نہیں کہ چاند پہلے بھی لکھا جا چکا ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ آپ چاند کو کس نئی آنکھ سے دیکھتے ہیں۔
اچھا شاعر پرانے استعارے کو بھی نئی معنویت دے سکتا ہے۔ وہ محبت جیسے صدیوں پرانے موضوع میں بھی اپنا ذاتی تجربہ، اپنا عہد اور اپنی آواز شامل کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اشعار کئی نسلیں گزرنے کے باوجود زندہ رہتے ہیں، جبکہ بعض اشعار اپنے شاعر کی کتاب سے باہر قدم نہیں رکھ پاتے۔
شاعری میں لہجہ دراصل شاعر کی شناخت ہوتا ہے۔
کوئی لہجہ نرم ہوتا ہے مگر اس کے اندر گہرا احتجاج چھپا ہوتا ہے۔ کوئی بظاہر تلخ ہوتا ہے مگر اندر سے بے حد انسانی۔ کوئی طنزیہ انداز اختیار کرتا ہے اور معاشرے کا پورا چہرہ آئینے میں دکھا دیتا ہے۔ کوئی خاموشی سے ایک ایسا سوال اٹھا دیتا ہے جس کا جواب پوری نظم یا غزل ختم ہونے کے بعد بھی نہیں ملتا۔
اور یہی شاعری کی طاقت ہے۔
شاعر صرف بات نہیں کرتا، وہ قاری کے اندر بات شروع کر دیتا ہے۔
ایک خیال کے کئی لہجے ہمیں یہ بھی سکھاتے ہیں کہ ادب میں اختلاف کوئی عیب نہیں۔ ایک ہی واقعے کو دو شاعر دو مختلف زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ ایک شکست میں امید تلاش کر سکتا ہے اور دوسرا اسی شکست میں انسان کی بے بسی۔ ایک شاعر خاموشی کو وقار سمجھ سکتا ہے، دوسرا اسے جرم قرار دے سکتا ہے۔
دونوں اپنے اپنے تجربے میں سچے ہو سکتے ہیں۔
کیونکہ ادب عدالت نہیں جہاں ہر سوال کا ایک فیصلہ ہو۔
ادب تو وہ جگہ ہے جہاں ایک سوال کے کئی جواب زندہ رہ سکتے ہیں۔
لیکن یہاں ایک تلخ حقیقت بھی تسلیم کرنا ہوگی۔ ہمارے ادبی حلقوں میں بعض اوقات شاعر کے لہجے سے زیادہ اس کے تعلقات کو اہمیت دی جاتی ہے۔ کسی کا نام بڑا ہے تو معمولی شعر بھی قابلِ تعریف قرار پاتا ہے، اور کوئی نیا قلم کار اچھا شعر لکھ دے تو اسے نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
یہ رویہ ادب کی خدمت نہیں، ادب کے ساتھ ناانصافی ہے۔
شعر کو شاعر کے تعلق، عہدے، شہرت یا حلقے سے نہیں، اس کے فنی اور فکری معیار سے پرکھنا چاہیے۔
ایک کم معروف شاعر کا اچھا شعر، ایک مشہور شاعر کے کمزور شعر سے بہرحال بہتر شعر ہے۔
اور اگر ہم یہ بنیادی فرق بھی نہیں کر سکتے تو پھر ہمیں شاعری کے فروغ کی نہیں، اپنی ادبی تربیت کی فکر کرنی چاہیے۔
اردو شاعری کی اصل طاقت یہی ہے کہ اس میں ایک ہی خیال کے بے شمار رنگ موجود ہیں۔ غزل ہو یا نظم، محبت ہو یا مزاحمت، تنہائی ہو یا اجتماع، ہجر ہو یا وصال -ہر موضوع مختلف شعری مزاجوں میں نئی صورت اختیار کرتا رہا ہے۔
یہی تنوع اردو شاعری کو زندہ رکھتا ہے۔
کیونکہ ادب وہاں مر جاتا ہے جہاں سب ایک ہی زبان میں بولنے لگتے ہیں۔
اور شاعری وہاں پیدا ہوتی ہے جہاں ایک ہی خیال کو کوئی اپنی آنکھ سے دیکھتا ہے، اپنے دل سے محسوس کرتا ہے اور اپنی آواز میں بیان کرتا ہے۔
آخرکار شاعر کی اصل پہچان یہ نہیں کہ اس نے کس موضوع پر لکھا۔
اصل پہچان یہ ہے کہ اس نے اس موضوع کو اپنا کیسے بنایا۔
ایک خیال بہت پرانا ہو سکتا ہے، مگر لہجہ نیا ہو تو شعر آج بھی جنم لے سکتا ہے۔
اسی لیے شاعری میں نئے موضوعات سے زیادہ ہمیں نئی نظر کی ضرورت ہے۔
کیونکہ خیال شاید وہی رہے گا-
مگر اگر دیکھنے والی آنکھ بدل جائے،
تو پوری شاعری کا رنگ بدل جاتا ہے۔
سچ بولنے والے سے سبھی توڑ کے رشتے جھوٹے کی طرف بڑھتے قدم دیکھ رہا ہوں نظام نوشاہی سنبھلی ہمیں سچ سے کوئی خاص دشمنی نہیں، بس شرط یہ ہے کہ سچ ہمارے خلاف نہ ہو۔ ہم سچائی کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں، محفلوں میں حق گوئی کے قصے سناتے ہیں، ادب میں اعلیٰ...
کبھی سوچا تھا کہ ایک دن ہم اپنے موبائل کی اسکرین پر خود کو دیکھیں گے اور چند لمحوں کے لیے حیران رہ جائیں گے کہ یہ تصویر ہماری ہے یا ہمارے والدین کے زمانے کی؟ لیکن 2026 نے یہ حیرت بھی ممکن کر دکھائی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک دلچسپ اور تیزی...
ایک بچی جب دنیا میں آتی ہے تو وہ صرف ایک گھر کی بیٹی نہیں ہوتی، وہ پورے معاشرے کی امانت ہوتی ہے۔ اس کی ہنسی گھر کی رونق، اس کے خواب مستقبل کی امید اور اس کا محفوظ بچپن معاشرے کی تہذیبی صحت کی علامت ہوتا ہے۔ مگر جب یہی معصوم بچیاں جنسی تشدد...
برداشت کی حدوں سے مرا دل گزر گیا آندھی اٹھی تو ریت کا ٹیلہ بکھر گیا ساجد اثر کسی بھی مہذب معاشرے کی اصل پہچان اس کی بلند و بالا عمارتیں، جدید شاہراہیں یا معاشی ترقی نہیں ہوتیں بلکہ اس کے شہریوں کا اخلاق، برداشت اور اختلافِ رائے کو قبول کرنے کا ظرف ہوتا ہے۔...